اسلام آباد: ایک عمر رسیدہ و باریش بزرگ نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے سابق وزیرِ صحت عامر محمود کیانی نے ان کی زمین پر غیر قانونی قبضہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہرِ اقتدار کے مضافاتی علاقے موضع تلہاڑ کے رہائشی باریش بوڑھے بزرگ ضمیر محمد چشتی نے کہا کہ ہم اس علاقے میں صدیوں سے آباد ہیں جبکہ ہماری زمینیں اور جائیداد جدی پشتی ہے۔
باریش بزرگ ضمیر محمد چشتی کے مطابق کچھ عرصہ قبل سابق وزیر صحت عامر محمود کیانی نے اس علاقے میں اراضی خریدی جبکہ اس کی خریدی گئی اراضی کے ساتھ ان کی کمرشل زمین بھی تھی جس کا رقبہ 14کنال ہے۔
بزرگ ضمیر محمد چشتی کے مطابق ان کی زمین کی قیمت کروڑوں روپے بنتی ہے جس پر عامر محمود کیانی نے بزورِ طاقت اور پٹواری گرداور سے میل ملاپ کرکے قبضہ کیا ہے۔
ضمیر محمد چشتی نے کہا کہ میں بوڑھا اور کمزور انسان عامرمحمود کا مقابلہ نہیں کر سکتا جبکہ عامر محمود کیانی نے میری زمین پر قبضہ کرنے کے بعد وہاں باقاعدہ بندے بٹھائے ہوئے ہیں جو ہمیں ہماری زمین پر جانے نہیں دیتے۔
عمر رسیدہ بزرگ کے مطابق عامر محمود کے لوگ ان کو دھمکیاں دیتےہیں۔ ہم نے تو اس انصاف کرنے والی حکومت کو ووٹ اس لیے دیا تھا کہ ہمیں انصاف ملے گا لیکن یہاں تو معاملہ ہی الٹا نکلا ۔
انہوں نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور آرمی چیف قبضہ مافیا سے زمین واگزارکرائیں اور ہمیں انصاف دیا جائے۔
اس خبر کے حوالے سے ہم نے عامر محمود کیانی سے رابطہ کیا تو انہوں نے کال وصول نہیں کی۔اگر وہ اپنا مؤقف اس خبر کے حوالے سے دینا چاہیں تو ادارہ ان کا مؤقف بھی شائع کرےگا۔