پشتو زبان کی مشہور و معروف گلوکارہ مہ جبین قزلباش دل کا دورہ پڑنے کے باعث خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں انتقال کر گئی ہیں، وہ ہسپتال میں 2 مہینے سے زیر علاج تھیں۔
پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایم ٹی آئی) میں مہ جبین قزلباش کو 2 ماہ پہلے دل کا دورہ پڑنے کے باعث داخل کیا گیا جہاں گزشتہ روز انتہائی نگہداشت وارڈ میں ان کا انتقال ہوگیا۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) کے ڈائریکٹر خالد مسعود اور میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیمان خان نے گلوکارہ مہ جبین قزلباش کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ایل آر ایچ کے ڈاکٹرز اور عملے نے گلوکارہ کے علاج معالجے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی، اس کے باوجود مہ جبین قزلباش جانبر نہیں ہوسکیں اور خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔
گزشتہ روز مہ جبین قزلباش کا جسدِ خاکی ایمبولینس کے ذریعے ان کی رہائش گاہ روانہ کیا گیا۔ پشتو گلوکارہ مہ جبین پشتو کے ساتھ ساتھ اردو میں گائیکی کے فن پر دسترس رکھتی تھیں۔
مہ جبین قزلباش نے دونوں زبانوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ قومی و بین الاقوامی سطح پر مہ جبین قزلباش کے فن کو بے حد سراہا گیا۔ اردو غزل گائیکی میں بھی گلوکارہ نے بہت کام کیا۔
معروف گلوکارہ کی سیاسی وابستگی پی ٹی آئی کے ساتھ تھی۔ انہوں نے تحریکِ انصاف میں شامل ہو کر چند سیاسی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا تھا۔