کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے کے باعث 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ نامعلوم وجوہات کے باعث پھیلنے والی گیس کے ذرائع کا سراغ نہیں لگایا جاسکا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق 3 مرد حضرات کے ساتھ ساتھ 2 خواتین اور 1 بچہ جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ واقعے کے باعث سانس کی دشواری کا شکار 3 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
زہریلی گیس کے باعث یاسمین اور معمار بی بی نامی دو خواتین کے ساتھ ساتھ رضوان، احسن، رابش اور عظیم اختر جاں بحق ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق 135 سے زائد افراد زہریلی گیس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ شب پیش آنے والے واقعے کا 12 گھنٹے گزر جانے کے باوجود کچھ پتہ نہ چلایا جاسکا۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ انتظامیہ نے پورٹ میں کسی جہاز یا کارگو سے زہریلی گیس کے اخراج کے تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صوبہ خیبر پختونخواہ میں کمرے میں سوئے ہوئے 5 افراد گیس لیکیج سے دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوگئے۔
یہ افسوسناک واقعہ31 جنوری کو خیبر پختونخواہ کے شہر ایبٹ آباد میں پیش آیا جہاں دھمتوڑ نامی علاقے میں گیس ہیٹر جلا کر سونے والے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
مزید پڑھیں: سوئے ہوئے 5 افراد دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہو گئے