اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر آرٹیکل 6 کے تحت بغاوت کا مقدمہ ہونا چاہئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کمال دیدہ دلیری سے تسلیم کیا کہ ان کا دھرنا حکومت کے خلاف سازش تھی۔
اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا دھرنا ان کے اقرار کے مطابق ایسی سازش تھی جس میں کئی نام نہاد جمہوریت نواز سیاسی جماتوں نے حصہ ڈالا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا یہ بیان کھلم کھلا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے جس پر فوری طور پر آئین کے آرٹیکل 6 کا مقدمہ ہونا چاہئے۔
آج مولانا فضل الرحمنٰ نے کمال دیدہ دلیری سے تسلیم کیا ہے کہ ان کا دھرناحکومت کیخلاف ایک سازش تھی، جس میں کئ نام نہاد جمہوریت نواز سیاسی جماعتوں نے حصہ ڈالا، مولانا کا یہ بیان کھلم کھلا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے ان پر فوری طور پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ ہونا چاہئے https://t.co/b6wQvasxR1
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 10, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک سیٹ کے لیے خود کو رسوا کر رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آپ آزادی مارچ میں حکومت ختم کرنے نکلے لیکن حکومت مزید مضبوط ہو گئی۔
مزید پڑھیں: فضل الرحمان ایک سیٹ کیلئے خود کو رسوا کر رہے ہیں۔فردوس عاشق اعوان