جنیوا: عالمی ادارۂ صحت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے چینی حکومت کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے صوبے ہوبائی میں وائرس کے خلاف چینی اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے وبائی امراض کے خلاف کام کرنے والے گلوبل مرکز سربراہ سلوئی برائینڈ نے کہا کہ چین کی صورتحال ہماری نظر میں ہے، تاہم کورونا کو بین الاقوامی وبا قرار دینا درست نہیں ہوگا۔
گلوبل مرکز کے سربراہ سلوئی برائینڈ نے کہا کہ کورونا وائرس سے کچھ غلط معلومات منسوب کی گئیں جن کے پھیلاؤ کو روکنا ضروری ہے۔ امید کرتے ہیں چین سمیت بین الاقوامی برادری کورونا وائرس کا توڑ ڈھونڈ لے گی۔
ڈبلیو ایچ او نے سوشل میڈیا صارفین کو کورونا وائرس کے حوالے سے افواہوں پر بلا تحقیق یقین کرنے سے گریز کی تلقین کی ہے جبکہ ہزاروں افراد کے اجسام میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل چین میں کورونا وائرس کے باعث مزید 65 افراد لقمۂ اجل بن گئے جبکہ وائرس کے باعث اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 490 ہو گئی ہے۔
چینی محکمۂ صحت حکام کے مطابق 65 مزید اموات صوبہ ہوبائی میں رپورٹ کی گئیں۔ ہوبائی کے محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ 3 ہزار 156 نئے افراد کے اجسام میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 490 ہو گئی