اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سندھ میں جھوٹے کیسز کے حوالے سے رپورٹس موصول ہوئیں تھی، ایسا آئی جی تعینات کریں گے جو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہ ہو۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا ،اجلاس کے دوران سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی جو دو صفحات پر مشتمل تھی۔
معاون خصوصی شہزاد اکبر نے2 صفحات پر مشتمل رپورٹ پیش جو جائزے کے لیے صوبائی حکومت کو بھجوائی جائے گی، وزیراعظم عمران خان نے رپورٹ کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت کی ۔
اجلاس میں اتحادیوں سے روابط مزید موثر و تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا، جب کہ وزیراعظم نے اتحادیوں کے لیے قائم کمیٹیوں کو فعال رابطوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے مہنگائی کم کرنے کے لیے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ پرائس کنڑول کمیٹیاں کی کارکردگی پر آئندہ ہفتے بریفنگ ہو گی جبکہ آئندہ ماہ ہونے والے ملائیشیا کے دورہ سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔
امریکا کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی پرمبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کاکریڈٹ سیکیورٹی فورسز اور قوم کوجاتاہے، بہادر سکیورٹی فورسز نے اپنی قربانیوں سے ملک میں امن قائم کیا۔
اجلاس کے دوران آئی جی سندھ کا بھی تذکرہ ہوا جس پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ میں جھوٹے کیسز کے حوالے سے رپورٹس موصول ہوئیں تھی، اس لئے فیصلہ کیا ہے کہ ایسا آئی جی تعینات کریں گے جو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہ ہو۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی کلیم امام کو ہٹانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کو ایک اور خط لکھا تھا جس میں کہاگیا تھا کہ ڈاکٹر کلیم امام کا رویہ سندھ میں نفرتوں کا سبب بن رہا ہے، آئی جی سندھ غیر سنجیدہ باتوں سے صوبائی حکومت کی توہین کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کاآئی جی سندھ کو ہٹانے کیلئے وزیراعظم کو ایک اور خط