کراچی: سندھ حکومت نے ہزاروں مستحقین کے لیے 57 کروڑ روپے کا ”گزارہ الاؤنس“ جاری کردیا جس کے تحت زکوٰۃ کے مستحق افراد کو فی کس 6000 روپے دئیے جائیں گے۔
صوبائی حکومت کے محکمۂ زکوٰۃ کے تحت 95 ہزار مستحقین کے لیے 6000 روپے فی کس کے حساب سے 57 کروڑ روپے جاری کیے گئے جو مستحقینِ زکوٰۃ میں تقسیم کردئیے گئے۔
مستحقینِ زکوٰۃ نے حکومتِ سندھ کے محکمۂ زکوٰۃ کو فنڈز کے حصول کے لیے 6 ماہ قبل درخواستیں دے رکھی تھیں جن پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے سندھ حکومت نے فنڈز جاری کیے۔
زکوٰۃ کے مستحق ہزاروں افراد نے گزشتہ برس جولائی تک درخواستیں جمع کروائیں جن پر کارروائی آج عمل میں لائی گئی۔ مستحقینِ زکوٰۃ کو آئندہ زکوٰۃ کی فراہمی کے لیے بائیو میٹرک طریقہ کار کی منظوری بھی دی گئی۔
بائیو میٹرک تصدیق کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو ہر مستحق فرد کے عوض 12 روپے دئیے جائیں گے جس کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ نے 50 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔
آئندہ ششماہی کے دوران مستحق افراد بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ”گزارہ الاؤنس“ کے لیے درخواست دے سکیں گے جس پر سندھ حکومت فنڈز جاری کرسکے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کینسر کے مستحق مریضوں کو علاج میں مدد کیلئے آغا خان یونیورسٹی اسپتال ، پیشنٹس بہبود سوسائٹی(پی بی ایس) برائے اے کے یو ایچ کا لِلّی پاکستان سے اشتراک عمل کا معاہدہ عمل میں آیا ہے۔
گزشتہ روز معاہدے کے تحت اسپتال میں کینسر کے مستحق مریضوں کے لیے للی ادویات کی قیمت کا 60 فیصد للی پاکستان ادا کرے گی۔ ان مریضوں میں معدے، پھیپھڑے اور کولوریکٹل کینسر کے مریض شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: آغا خان یونیورسٹی اسپتال کا لِلی پاکستان سے اشتراک