لاہور: قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی کامیابی کیلئےپر امید ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم اس بار شائقین کو مایوس نہیں کرے گی اور ٹاپ پر نظر آئے گی۔
ایک ویڈیو پیغام میں جارح مزاج بلے باز فخر زمان نے کہا کہ لاہور قلندر پچھلے سیزن میں اچھا پرفارم نہیں کرسکی لیکن اس بار لاہور قلندرز شائقین کو مایوس نہیں کرے گی اور پی ایس ایل فائیو میں ٹاپ پوزیشن پر نظر آئے گی۔
فخر زمان نے کہا کہ اس بار لاہور قلندرز نئے کپتان کی قیادت میں میدان اترے گی اور امید ہے پلیئرز ایک نئے عزم اور نئے جذبے کے ساتھ کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے، انہوں نےشائقین کرکٹ سے درخواست کی کہ وہ ان کی ٹیم کو سپورٹ کرتے رہیں ۔
اس سے قبل فخر زمان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ وہ پاکستان سپرلیگ کے سیزن 5 میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ ایوارڈ کے لئے کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کے انفرادی گول ہوتے ہیں اور میری پوری کوشش ہوگی کہ میں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بنوں اور اپنی ٹیم کو پی ایس ایل جتوانے کااعزاز حاصل کروں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈکے چیف فنانشل آفیسر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا