اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے آسٹریلیا کے جنگلوں میں لگنے والی آگ سے نمٹنے کے لیے آسٹریلوی حکومت کو مدد کی پیشکش کی ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آسٹریلوی حکومت کو خط کھا ہے جو پاکستان کے عوام اور حکومتِ پاکستان کی طرف سے لکھا گیا۔
خط میں وزیر اعظم عمران خان نے آتشزدگی کے باعث ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آسٹریلوی عوام کے نقصانات پر غمزدہ ہیں، کوئی شک نہیں کہ آپ اس نقصان پر قابو پا لیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے ہمیشہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نئے دور کی ضروریات پوری کرنے پر زور دیا، ایسے چیلنجز سے نمٹنا صرف ایک ملک کے بس کی بات نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ مجھے یقین ہے آتشزدگی سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کا اشتراک ضرور سامنے آئے گا تاکہ مسائل کا ایک اجتماعی حل پیش کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ پاک آسٹریلیا تعلقات تاریخی گہرائی کے حامل ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستانہ مراسم موجود ہیں۔ ہم آپ کو آتشزدگی سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد دینے کے لیے تیار ہیں۔
Prime Minister @ImranKhanPTI wrote a letter to the Australian government on behalf of the people and government of Pakistan with a message of support and offers of assistance for #bushfire recovery pic.twitter.com/kZcejT4BJS
— Prime Minister's Office (@PakPMO) January 14, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل ٹینس کھلاڑی سیرینا ولیمز نے 3 سال پر محیط ٹائٹل کی جیت کی رقم کا چیک آسٹریلیا کے جنگلوں میں لگنے والی آگ کے متاثرین کے نام کردیا۔
جیت کی رقم متاثرین کے نام کرنے کا اعلان ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز نے ورلڈ ٹینس آرگنائزیشن کے آک لینڈ کلاسک فائنل کے بعد کیا جو جنوری کے دوران کھیلا گیا۔
مزید پڑھیں: سیرینا ولیمز نے چیک آتشزدگی متاثرین کے نام کردیا