اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی پاکستان سٹیزن پورٹل میں شکایات کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اعدادوشمار کے مطابق شکایات کرنے والوں میں تاجر برادری اور طلباء کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس اعدادوشمار کے مطابق سٹیزن پورٹل پر زندگی کے تمام شعبوں سے وابستہ افراد نے شکایات درج کروائیں جن میں سے لاکھوں شکایات کا ازالہ کیا گیا، تاہم طلباء اور تاجر حضرات سب پر سبقت لے گئے۔
سٹیزن پورٹل کا اجراء اکتوبر 2018ء میں عمل میں لایا گیا جبکہ رجسٹرڈ 13 لاکھ 97 ہزار 5 سو 37 افراد میں سے 48 ہزار 3 سو طلباء ہیں جبکہ تقریباً 35 ہزار افراد تاجر برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔
زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے 16 لاکھ 53 ہزار افراد نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر مختلف مسائل کے ازالے کے لیے شکایات درج کروائیں جن میں سے 15 لاکھ 9 ہزار شکایات کا ازالہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کے زیر انتظام پاکستان سٹیزن پورٹل پر سال 2019ء میں لاکھوں شکایات کا ازالہ کیا گیا جبکہ 28 اکتوبر 2018ء کو پورٹل کا افتتاح ہوا۔
پاکستان سٹیزن پورٹل کی 30 دسمبر کو جاری کردہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق رواں سال 2019ء کے دوران 16 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہونے کے بعد ان میں سے تقریباً 90 فیصد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: سٹیزن پورٹل پر 2019ء میں لاکھوں شکایات کا ازالہ کیا گیا