روزمرہ زندگی میں اگر کافی کے ایک کپ کو سبز چائے سے بدل دیا جائے تو یہ صحت پر بڑا مثبت اثر ڈال سکتا ہے۔ کئی افراد نے ویب سائٹ Reddit پر بتایا کہ جب انہوں نے کافی چھوڑ کر سبز چائے پینا شروع کی، تو ان کی صحت اور طرزِ زندگی میں نمایاں فرق محسوس ہوا۔
العربیہ نے عالمی ہیلتھ جرنل کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ماہر غذائیت اور صحت کی مشیر سیرینا بون نے سبز چائے کے درج ذیل فوائد بیان کیے ہیں:
1. زیادہ سکون اور کم بے چینی
ایک شخص نے کہا کہ اسے کافی چھوڑنے کے بعد زیادہ سکون اور کم ذہنی دباؤ محسوس ہوا۔ دوسرے فرد نے بتایا کہ اسے زیادہ متوازن توانائی محسوس ہوئی اور ذہنی اتار چڑھاؤ میں کمی آئی۔ سبز چائے صبح کے وقت نرمی سے جسم کو تازگی فراہم کرتی ہے۔
2. وزن میں کمی
سیرینا بون کے مطابق سبز چائے جسم کے میٹابولزم کو قدرتی طور پر تیز کرتی ہیں، جس کی وجہ اس میں موجود کیفین اور کیٹیچن مرکبات ہیں۔ اگرچہ یہ کوئی جادوئی حل نہیں، لیکن صحت مند طرزِ زندگی کے ساتھ اس کا استعمال چربی کے جلنے اور وزن برقرار رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔
3. طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس
سبز چائے میں کیٹیچن خاص طور پر EGCG نامی جز پایا جاتا ہے جو ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ہے۔ یہ جسم میں مضر ذرات کو بے اثر کرتا ہے، خلیات کو تحفظ دیتا ہے، آکسیڈیٹیو تناؤ کم کرتا ہے، اور بڑھتی عمر کے اثرات کو سست کر سکتا ہے۔
4. جلد کی حفاظت اور چمک
اسی طرح ’ EGCG‘ جلد کو سورج کی مضر شعاعوں سے بچاتا ہے، کولاجن کو محفوظ رکھتا ہے اور جلد کی تجدید میں مدد دیتا ہے۔ یہ چائے جلد کی سوجن، ایکزیما اور خشکی جیسے مسائل میں بھی مفید ہے۔ اس میں موجود کیفین اور تانن جلد کی سوجن کو کم کر کے تازگی بخشتے ہیں۔
5. قوت مدافعت کو مضبوط بنانا
سبز چائے میں ایسے اجزاء ہوتے ہیں جو مدافعتی نظام کو متحرک کرتے ہیں۔ EGCG سوزش کم کرتا ہے، مدافعتی خلیوں کو بہتر بناتا ہے، اور بیکٹیریا و وائرس کے خلاف مزاحمت پیدا کرتا ہے۔ یہ آنتوں کی صحت بہتر کر کے مدافعتی نظام کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
6. کولیسٹرول کی سطح میں بہتری
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ سبز چائے کا باقاعدہ استعمال نقصان دہ کولیسٹرول کو کم اور مفید کولیسٹرول کو مستحکم رکھتا ہے۔ روزانہ اس کا استعمال دل کی صحت کے لیے بہتر سمجھا جاتا ہے۔
7. دماغی صحت اور ارتکاز
سبز چائے میں ایل-تھیانین نامی ایک امینو ایسڈ پایا جاتا ہے جو کیفین کے ساتھ مل کر دماغی توجہ اور یکسوئی کو بڑھاتا ہے، لیکن بغیر اس تناؤ کے جو کافی سے ہو سکتا ہے۔ یہ موڈ کو متوازن رکھنے اور اعصابی تھکن کو کم کرنے میں مددگار ہے۔
8. دماغ کی حفاظت
’ای جی سی جی‘ جیسے اینٹی آکسیڈنٹس دماغی خلیات کو تناؤ سے محفوظ رکھتے ہیں، یادداشت اور سیکھنے کی صلاحیت کو بہتر بناتے ہیں، اور بڑھاپے سے منسلک دماغی کمزوری کے خطرے کو کم کرتے ہیں۔
9. منہ کی صحت
سبز چائے دانتوں کے کیڑے، مسوڑھوں کی بیماری اور سانس کی بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کو ختم کرتی ہے۔ یہ کافی کی طرح تیزابی نہیں ہوتی، اس لیے یہ منہ اور دانتوں کی صحت کے لیے نرم اور محفوظ انتخاب ہے۔
10. ہارمونز اور شوگر کا توازن
ایسی خواتین جو ہارمونی مسائل جیسے پی سی او ایس یا ایسٹروجن کی زیادتی کا شکار ہوتی ہیں، ان کے لیے سبز چائے سوزش کم کرنے، انسولین کی حساسیت بہتر بنانے، اور شوگر کی سطح کو مستحکم رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ اس کے برعکس، کافی بعض اوقات بلڈ شوگر میں اتار چڑھاؤ پیدا کر سکتی ہے۔