فلم ہاؤس فل 5 نے 6 جون کو سنیما گھروں میں شاندار آغاز کیا جس میں کئی مشہور ستارے شامل تھے اور دو مختلف اختتام بھی پیش کیے گئے۔
اگرچہ فلم نے پہلے ہفتے کے دوران باکس آفس پر اچھی کمائی کی لیکن ناظرین نے اس پر تنقید کی کہ فلم کا مزاح صنفی تعصب پر مبنی ہے اور خواتین کو محض کہانی میں “شے” کے طور پر دکھایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اس سیریز میں شامل ہونے والی نئی اداکارہ سونداریا شرما نے فلم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو اپنی رائے رکھنے کا حق ہے اور عظیم فلمیں اکثر لوگوں کی جانب سے غلط سمجھ لی جاتی ہیں۔
یوٹیوب چینل انٹرٹینمنٹ لائیو پر دیے گئے ایک انٹرویو میں، جب ان سے فلم پر ہونے والی تنقید کے بارے میں پوچھا گیا تو سونداریا نے فوراً جواب دیا کہ وہ صرف وہی کردار ادا کر رہی تھیں جو لکھا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھاکہ میں سمجھتی ہوں کہ یہ ہر فرد کے نقطہ نظر پر منحصر ہوتا ہے۔ میں اپنے خیالات کو ہدایتکار کے وژن کے ساتھ نہیں ملاتی۔
انہوں نے مزید کہا، “یہ فلم ہلکے پھلکے انداز میں بنائی گئی ہے، اور ہر کوئی صرف ایک کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ تمام کردار ہماری اپنی سوسائٹی کا عکس ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ان لوگوں کی شکر گزار ہیں جو فلم پر تنقید کر رہے ہیں کیونکہ اس سے فلم کو مزید شہرت ملتی ہے۔
جب ان سے فلم پر ذاتی رائے کے بارے میں پوچھا گیا تو سونداریا نے کہا کہ اکثر ناظرین ہدایتکار کے پیغام کو سمجھنے میں ناکام رہتے ہیں، اور بہت سی عظیم فلمیں بھی اسی مسئلے کا شکار ہوئی ہیں۔
آپ جو کچھ بھی پیش کریں، سب کو پسند نہیں آتا۔ مجھے یقین ہے کہ باہوبلی اور اینمل جیسی کَلٹ فلموں یا پرانی فلموں جیسے پاکیزہ یا گائیڈ پر بھی بعض لوگوں کو اختلاف ہوگا۔ اس لیے میں سمجھتی ہوں کہ یہ صرف مختلف رائے کا مجموعہ ہے۔
تنقید کے باوجود، فلم نے ریلیز کے پہلے ہفتے میں بھارت میں 130 کروڑ روپے کی خالص کمائی کی، اور یہ اداکار اکشے کمار کی نویں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔
فلم کے ہدایتکار ترن منسکھانی بھی دفاع میں آگے آئے اور کہا کہ لوگ صرف “جلوے” اور خواتین کی شے کے طور پر پیشکش پر توجہ دے رہے ہیں۔
نیوز 18 سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ایک خاص زاویے اور حساسیت سے فلم کو دیکھ رہے ہیں۔
آپ چاہیں تو اس پر تنقید کریں، یہ آپ کا حق ہے۔ آپ نے ٹکٹ خرید کر فلم دیکھی ہے، تو آپ رائے رکھنے کا حق رکھتے ہیں۔ یہ کوئی ایسی بے رنگ فلم نہیں ہے جس کی کسی کو پروا نہ ہو۔ اور جو لوگ تنقید کر رہے ہیں، ان سے میں صرف یہی کہنا چاہتا ہوں کہ یہ آپ کا اپنا انتخاب ہے کہ آپ فلم کا کون سا پہلو دیکھنا چاہتے ہیں۔