عیدالاضحیٰ سے محض دو ہفتے قبل نادرن بائی پاس پر واقع مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد میں تیزی آ گئی ہے، جہاں اب تک 90 ہزار سے زائد جانور پہنچ چکے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ عید تک یہ سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔
پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور سندھ سے آنے والے جانوروں کی صحت کی جانچ کے لیے ویٹرنری ڈاکٹرز دن رات مستعد ہیں، تاکہ صرف صحتمند اور فٹ جانوروں کو ہی منڈی میں داخلے کی اجازت دی جا سکے۔ یہ سخت جانچ پڑتال قربانی کے جانوروں کی صحت اور معیار کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
رات دن بڑی بڑی گاڑیاں، ٹرک اور ٹریلرز منڈی پہنچ رہے ہیں، جو مختلف اقسام کے جانور لے کر آتے ہیں۔ اس مسلسل سپلائی سے خریداروں کو ہر قسم کی پسند اور ضرورت کے مطابق جانور منتخب کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
شام کے وقت منڈی سے متصل فوڈ اسٹریٹ میں خوب چہل پہل ہو جاتی ہے، جہاں لوگ خوشگوار ماحول اور مختلف ذائقوں سے لطف اندوز ہونے آتے ہیں۔ مویشی منڈی کی گہما گہمی اور کھانے پینے کے شوق نے عید کی آمد کا سماں باندھ دیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق جن میں شہاب علی اور فیصل شامل ہیں، منڈی میں جانوروں کی تعداد 90 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور مزید اضافہ متوقع ہے۔
بارہ سو ایکڑ پر پھیلی ہوئی یہ مویشی منڈی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کہلاتی ہے، جو بیوپاریوں اور خریداروں کو وسیع جگہ اور بہترین سہولیات فراہم کرتی ہے۔