معرکہ حق کے دوران پاکستان کی شاندار فتح کے حوالے سے بھارتی جھوٹ کو بےنقاب کر کے ڈوزیئر جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈوزیئرمیں آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی پر پہلگام فالس فلیگ کے ناقابل تردید شواہد پیش کیے گئے ہیں۔ آپریشن بنیان مرصوص کے حقائق، سیٹلائٹ تصاویر، پہلگام فالس فلیگ پر مستند بین الاقوامی میڈیا رپورٹس بھی ڈوزیئر کاحصہ ہیں۔
ڈوزیئر کے متن کے مطابق پاکستان امن کا علمبردار ہے اور اپنی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔ ڈوزیئر میں پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی میڈیا اور را سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پاکستان مخالف منظم مہم اور فیک نیوز کےناقابل تردید شواہد پیش کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارتی جنگجو میڈیا نے پہلگام فالس فلیگ کے فوری بعد جھوٹی خبریں پھیلائیں اور گمراہ کن پروپیگنڈا کر کے جنگ کا ماحول بنایا، بین الاقوامی میڈیا حتی کہ بھارتی سیاستدانوں اور عوام نے پہلگام فالس فلیگ اور بھارتی میڈیا کے گھناؤنے کردار پر سوالات اٹھائے۔
ڈوزیئر میں پاکستان کی جانب سے بھارت کو پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کیلئے مخلصانہ کاوشوں کا بھی ذکر ہے، بھارتی جارحیت اور بزدلانہ حملے میں معصوم پاکستانی بچے، عورتیں اور شہری شہید ہوئے، بھارتی جارحیت کے تمام شواہد ڈوزیئر میں پیش کیے گئے ہیں۔
پاکستان نے اپنے دفاع اور بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بُنیان مرصوص کا آغاز کیا، آپریشن بُنیان مرصوص نے بھارت کو دھول چٹا دی اور بھارتی عزائم کو خاک میں ملا دیا، پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں صرف بھارتی ملڑی ٹارگٹس کو نشانہ بنایا، صرف ان بھارتی ٹارگٹس کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے نہتے اور معصوم پاکستانیوں پر حملے کیے گئے۔
سفارتی ماہرین کے مطابق ڈوزیئر میں بھارتی نقصانات کی تفصیل ناقابل تردید شواہد کے ساتھ پیش کی گئی ہے، پاکستان نے مکمل شواہد کے ساتھ ڈوزیئر جاری کرکے سفارتی محاذ پر بھی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ پاکستان نے بھارتی جارحیت کو شواہد سے بے نقاب کیا ہے۔
سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سچائی اور حقائق بیان کرکے بھارتی جھوٹ اور گمراہ کن پروپیگنڈا کو زمین بوس کر دیا ہے۔