امریکا ایران کشیدگی سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کویتی ہم منصب ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس کے دوران خطے کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
پاک کویت وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و سلامتی، ممالک کے مابین امن و امان اور دیگر بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس دوران پاک کویت تعلقات کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا نے ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی پر سعودی ائیر پورٹس پر حملوں کا الزام عائد کردیا ، امریکی نائب صدر مائیک پینس نے ان پر سعودی ہوائی اڈوں پر حملوں کا الزام لگایا۔
امریکی صدر ٹرمپ کی زیر نگرانی امریکا کی حکومت سعودی عرب میں تیل تنصیبات پر حملوں کا ذمے دار بھی جنرل قاسم سلیمانی کو قرار دیتی ہے جبکہ نائب صدر مائیک پینس کے مطابق سعودی ائیر پورٹس پر حملے بھی جنرل سلیمانی نے کرائے۔
نائب صدر مائیک پینس نے کہا کہ ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو درجنوں افراد کے قتل میں ملوث ہونے کے باعث نشانہ بنایا گیا جبکہ وہ یمن میں حوثی باغیوں کی امداد بھی کرتے تھے۔
مزید پڑھیں: جنرل سلیمانی پر سعودی ائیر پورٹس پر حملوں کا الزام