اسلام آباد :پاکستان نے اقلیتوں سے ناروا سلوک سے متعلق بھارتی پروپیگنڈہ مسترد کردیا ہے۔
پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ننکانہ صاحب اور پشاور میں امن عامہ سے متعلق انفرادی نوعیت کے واقعات کو بی جے پی حکومت کا اقلیتوں سے بدسلوکی کے شرانگیز پراپگنڈے سے تعبیر کرنا پاکستان کے خلاف بھارت کی کردار کشی کی روایتی مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی اور بھارت کے اندر اقلیتوں کے خلاف ہونے والے منظم متعصبانہ اقدامات سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ پاکستان اس بھارتی پراپگنڈے اور بے بنیاد الزامات کو قطعی مسترد کرتا ہے۔ ایسے الزامات اور پراپگنڈے سے بی جے پی حکومت بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں اپنے غیرقانونی اقدامات، امتیازی شہریت ترمیمی ایکٹ اور شہریوں کے اندراج (این آر سی) جیسے متعصبانہ قانون کے ردعمل میں پیدا ہونے والی صورتحال کو چھپا نہیں سکتا۔
پاکستان سکھ مذہب سمیت تمام مذہبی مقامات اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو بے انتہاء احترام دیتا ہے،ہم گردوارہ ننکانہ صاحب کے مقدس مقام پر ’’حملہ‘‘ اور ’’بے حرمتی‘‘ سے متعلق تمام بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہاکہ یہ سفید جھوٹ ’آر ایس ایس‘ و ’بی جے پی‘ کی بدنام زمانہ پراپیگنڈہ مہم کا حصہ ہیں جس میں ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی انہیں ناکامی ہوگی۔ پوری دنیا میں آباد سکھ برادری اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کو کس قدر زیادہ اہمیت دیتی ہے۔
مزید پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری کی پیشکش پر پیپلزپارٹی کے ساتھ جانے کے لئے تیار ہیں ، وسیم اختر