اسٹیٹ بینک پاکستان (ایس بی پی) نے ترسیلات زر کی تفصیلات جاری کی جس کے مطابق اپریل 2025 میں ترسیلات زر 3.2 ارب ڈالر رہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق ترسیلاتِ زر میں سالانہ بنیاد پر 13.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو کہ گزشتہ سال اپریل میں موصول ہونے والے 2.81 ارب ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہے تاہم ماہانہ بنیاد پر ترسیلات میں 22 فیصد کمی ہوئی، مارچ میں 4.1 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اپریل 2025 میں ورکرز ترسیلات 3.2 ارب ڈالر رہیں جبکہ اپریل2025 کی ورکرز ترسیلات اپریل 2024 کے مقابلے 13.10 فیصد زائد ہیں۔
مرکزی بینک نے بتایا کہ مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں ورکرز ترسیلات 30 فیصد اضافے سے 31.2 ارب ڈالر رہیں۔
اپریل 2025 میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے بڑی رقم بھیجی، جس کی مالیت 725.4 ملین ڈالر رہی۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے آنے والی ترسیلات اپریل میں مارچ کے مقابلے میں 22 فیصد کم ہو کر 657.6 ملین ڈالر رہیں۔
برطانیہ سے اپریل 2025 میں ترسیلات 535.3 ملین ڈالر رہیں، جو مارچ 2025 کے 683.8 ملین ڈالر کے مقابلے میں 22 فیصد کم ہیں۔