راولپنڈی: پاک فوج کی جانب سے متعدد بھارتی ڈرون حملے ناکام بنانے کے بعد اطلاعات ہیں کہ ایک بھارتی ڈرون راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب فوڈ اسٹریٹ پر ایک دکان سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہو گیا۔
قومی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق بھارتی ڈرون نے راولپنڈی کی معروف فوڈ اسٹریٹ کو نشانہ بنایا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حملے میں ایک عام شہری زخمی ہوا ہے جسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ pic.twitter.com/eEg3rPd6d4
— Ahmad Hassan Bobak (@ahmad__bobak) May 8, 2025
اس سے قبل گزشتہ رات اور صبح سویرے لاہور کے والٹن اور برکی روڈ کے علاقوں میں مسلسل دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں جن سے شہریوں میں شدید تشویش اور اضطراب پیدا ہوا۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ آوازیں وقفے وقفے سے سنائی دیتی رہیں جس سے ایسا محسوس ہوا کہ علاقے میں کوئی سیکیورٹی آپریشن یا ممکنہ حملہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعات اس وقت رپورٹ ہوئے جب بھارتی ڈرونز کی جانب سے لاہور سمیت پاکستان کے دیگر علاقوں میں فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
راولپنڈی کے علاقے ریس کورس میں ڈرون گرنے کے بعد دھواں اٹھتا دیکھا جا سکتا ہے
— Muqadas Farooq Awan (@muqadasawann) May 8, 2025
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ بھارت کی طرف سے پاکستان میں 12 ڈرونز بھیجے گئے جنہیں پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کامیابی سے مار گرایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی ڈرونز لاہور، گوجرانوالہ، میانوالی، بہاولپور، چھور، کراچی، اور چکوال سمیت کئی اہم علاقوں میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے تاہم ان سب کو ناکام بنا دیا گیا۔