لاہور: شہر کے اہم علاقوں والٹن اور برکی روڈ میں گزشتہ رات اور صبح سویرے متعدد دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق یہ آوازیں وقفے وقفے سے آتی رہیں، جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ علاقے میں کوئی سیکورٹی آپریشن یا حملہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعات ان اطلاعات کے بعد سامنے آئے ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ بھارتی ڈرونز نے لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان میں 12 ڈرونز بھیجے گئے، جنہیں پاکستانی فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی ڈرونز کو لاہور، گوجرانوالہ، میانوالی، بہاولپور، چھور، کراچی اور چکوال سمیت کئی علاقوں میں دیکھا گیا۔
لاہور میں ڈرون حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے چار اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔ تاہم، والٹن اور برکی روڈ پر ہونے والی فائرنگ اور دھماکوں کے بارے میں سرکاری سطح پر کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ برکی روڈ کے قریب کئی بار زوردار دھماکے سنائی دیے، جن کے بعد کچھ مقامات پر سیکیورٹی فورسز کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔
والٹن روڈ پر بھی فائرنگ کی آوازوں کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ حساس علاقوں میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
یہ سیکورٹی سرگرمیاں اس وقت تیز کی گئیں جب بھارت کی جانب سے بڑھتی ہوئی دراندازیوں کا سلسلہ جاری ہے اور خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔
پاکستانی افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے اور شہریوں کی جان و مال کا ہر صورت تحفظ یقینی بنائیں گے۔
لاہور پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں، گھروں میں رہیں، اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں۔ سیکورٹی ادارے اس وقت الرٹ ہیں اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔