قومی احتساب بیورو(نیب) نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں اربوں روپے کی کرپشن سے متعلق ایک دھماکہ خیز رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں ادارے کے سابق ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو، عبدالرشید سولنگی اور درجنوں دیگر افسران کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
سینئر صحافی امتیاز مغیری کے مطابق اس رپورٹ کی روشنی میں نیب نے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی رپورٹ 300 صفحات پر مشتمل ہے جس میں 100 ارب روپے سے زائد کے نقصان کا انکشاف کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 6000 سے زائد غیر قانونی تعمیرات اور ان کی منظوری میں اسحاق کھوڑو اور ان کے قریبی افسران کی ملی بھگت شامل ہے۔
سوال یہ بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں غیر قانونی تعمیرات آخر حکام کی نظروں سے کیسے اوجھل رہیں؟
اسحاق کھوڑو جو تین مسلسل ادوار تک ایس بی سی اے کے سربراہ رہ چکے ہیں، اب نیب کے ریڈار پر ہیں۔ ان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ اکثر “ڈرامائی کارروائیاں” کرتے رہے ہیں ، اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ عدالت کے سامنے کیا دفاع پیش کرتے ہیں۔
نیب کے مطابق اس مقدمے میں صرف نچلے درجے کے ملازمین کو قربانی کا بکرا بنانے کے بجائے اصل منصوبہ سازوں تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔
اسحاق کھوڑو اور عبدالرشید سولنگی کے نام پہلے ہی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جا چکے ہیں جس سے ان کے بیرون ملک فرار کے امکانات محدود ہو گئے ہیں۔
اب اہم سوال یہ ہے کہ کیا نیب صرف ریکوری تک محدود رہے گا یا مکمل قانونی کارروائی بھی کرے گا؟ یہ بھی واضح نہیں کہ آیا نیب کی تحقیقات کے بعد دیگر ادارے، خصوصاً صوبائی حکومت، کوئی عملی قدم اٹھائیں گے یا خاموش تماشائی بنے رہیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی خاموشی اور چیف سیکریٹری سندھ کی طرف سے بھی کسی ردعمل کا نہ آنا عوام میں شکوک و شبہات کو جنم دے رہا ہے۔
عوامی سطح پر یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا کوئی حکومت اس اربوں روپے کے اسکینڈل پر واقعی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے؟
یاد رہے کہ فروری 2025 میں چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ “کراچی میں زمینوں کا مسئلہ کشمیر سے بڑا ہے، سندھ میں زمینوں کے ریکارڈ کا کوئی سسٹم موجود نہیں، اور بہت جلد اس حوالے سے بڑا ایکشن لیا جائے گا”۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ نیب کی یہ تحقیقاتی پیش رفت کیا صرف ایک اور رپورٹ تک محدود رہے گی، یا اس بار واقعی “اصل چہروں” کو بے نقاب کیا جائے گا۔