پاکستان ریلوے نے عام آدمی کے لیے بھی ٹرین میں لگژری سیلون بکنگ کرانے کی سہولت پیش کردی۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزیر ریلوے نے اہم فیصلہ کرلیا ہے جس کے تحت ریلوے کے 5 لگژری سیلون بھی اب عوام کی رسائی میں ہوں گے اور کوئی بھی مسافر لگژری سیلونز کی بکنگ کروا سکے گا۔
نجی چینل ایکسپریس نیوز نے اطلاع دی ہے کہ وزیر اعظم، وزیر ریلوے اور چیئرمین ریلوے کے لئے مختص سیلون اب عام مسافروں کے لیے دستیاب ہوں گے، چیف ایگزیکٹو آفیسر اور آئی جی ریلوے کے سیلون کی بھی بکنگ ہو سکے گی۔
ریلوے کے مطابق مسافروں کی سہولت کے لیے کرایہ انتہائی مناسب رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔