کوالا لمپور: ملائشیا کے سابق وزیراعظم عبداللہ احمد بداوی 85سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں، انہیں سانس لینے میں دشواری کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملائشیا کے سابق وزیراعظم عبداللہ احمد بداوی نے ملک کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں، انہیں 2003 سے 2009 تک اس عہدے پر کام کرنے کا موقع ملا۔ 2 روز قبل ہسپتال منتقلی کے بعد عبداللہ احمد بداوی دورانِ علاج انتقال کر گئے تھے۔
سابق وزیراعظم کے اہلِ خانہ اور ملائشین وزیر صحت نے سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے ملک کیلئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ عبداللہ احمد بداوی نے مہاتیر محمد کے استعفیٰ دینے کے بعد 2003 میں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا تھا۔
اپنی سادگی اور اصلاحاتی ایجنڈے کے باعث پاک لہ کے نام سے مشہور سابق وزیراعظم کے دور میں ملائشین حکومت نے ملک کے معاشی استحکام اور بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر و ترقی پر توجہ مرکوز کی، تاہم 2008 کے انتخابات میں حکمراں اتحاد کی کارکردگی کمزور رہی۔
اگلے ہی سال 2009 میں عبداللہ احمد بداوی نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ ان کی وفات پر عالمی برادری اور ملائشیا کے سیاسی رہنماؤں سمیت معروف بین الاقوامی سیاسی و سماجی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔