پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر تاج حیدر انتقال کر گئے۔
اہل خانہ کے مطابق تاج حیدر مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں مختصر علالت کے بعد دوران علاج وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
پی پی رہنما وقار مہدی کا کہنا ہے کہ تاج حیدر ہمارے دیرینہ ساتھی اور بہترین سیاسی کارکن تھے، وہ پیپلز پارٹی کے بنیادی و نظریاتی کارکنان میں سے ایک تھے۔
وقار مہدی کا مزید کہنا ہے کہ تاج حیدر کی سیاسی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
سینیٹر تاج حیدر سیاستدان، دانشور اور مارکسسٹ مفکر تھے۔ وہ 8 مارچ 1942 کو برطانوی ہندوستان (موجودہ بھارت) میں پیدا ہوئے۔ ان کا خاندان 1947 میں تقسیمِ ہند کے بعد پاکستان منتقل ہوا۔
تاج حیدر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بانی ارکان میں سے تھے۔ انہوں نے طویل عرصے تک پارٹی کے جنرل سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔