کراچی کے علاقے نیو ایم اے جناح روڈ پر ایک تیزرفتار ایمبولینس نے راہگیر خاتون کو ٹکر مار کر زخمی کردیا ہے، پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایمبولینس کی ٹکر کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ ترجمان ایدھی کا کہنا ہے کہ ایمبولینس میں ایک انتہائی نگہداشت کے مریض کو ایمرجنسی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ خاتون اچانک ایمبولینس کے سامنے آگئی، جس کے نتیجے میں حادثہ ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمی خآتون کی شناخت گل بانو کے نام سے ہوئی ہے جو گھروں میں ماسی کا کام کرتی ہیں، خاتون کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں فوری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایمبولینس ڈرائیور محمد علی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایمبولینس ڈرائیور کی شناخت محمد علی کے نام سے ہوئی۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ واقعے کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عید کے موقعے پر ملک بھر میں کئی مہلک سڑک حادثات پیش آئے جن کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ کئی دیگر افراد مختلف حادثات میں زخمی ہوئے۔
قمبر شہداد کوٹ، میرپور ساکرو اور حافظ آباد میں موٹر سائیکل کے حادثات میں مزید 8 افراد جاں بحق ہوئے۔ٹنڈو الہیار میں تیز رفتار گاڑی ناصر کینال میں جا گری، جس کے نتیجے میں 4 نوجوان جان کی بازی ہار گئے۔