کراچی نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل چورنگی کے قریب گہرے مین ہول کی تعمیر اور کھدائی کے دوران 2 مزدور سیوریج کے پانی میں گر کر جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور انھوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مین ہول میں اتر کر رسیوں کی مدد سے دونوں افراد کی لاشوں کو باہر نکال کر چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او تیموریہ ثاقب خان نے بتایا کہ لنڈی کوتل سمیت ملحقہ نالوں میں تعمیراتی کام چل رہا ہے اور گہرے مین ہول کی تعمیر اور کھدائی کے دوران 2 مزدور نالے میں گر گئے جو پانی کے تیز بہاؤ کے ساتھ بہہ کر کچھ فاصلے تک پہنچ گئے۔
اس دوران ان کے دیگر ساتھیوں نے سخت جدوجہد کے بعد سیوریج کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی لاشوں کو رسیوں کی مدد سے باندھ کر باہر نکال لیا۔
انھوں نے بتایا کہ متوفین کی شناخت 27 سالہ غفار خان اور 25 سالہ طفیل کے نام سے کی گئی جوٹھیکدار کے ملازم تھے اور ان کا آبائی تعلق باجوڑ سے تھا، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ان کے دیگر ساتھیوں کے حوالے کردیں۔