کراچی میں موسم نے کینچلی بدلنا شروع کردی، جمعے کوزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.2 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ ہوا، ہفتے اور اتوار کو دھند چھانے کی وجہ سے حدنگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔
شہرمیں جمعے کودومختلف موسم ریکارڈ ہوئے، جس کے دوران صبح کے وقت قدرے خنک موسم ریکارڈ ہوا، تاہم دوپہرکے وقت سمندری ہوائیں چلنے اورتیزدھوپ کی وجہ سے حدت محسوس کی گئی اورگرمی کا پارہ گذشتہ روزکے مقابلے میں 1.8ڈگری اضافے سے 33.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
درجہ حرارت میں اضافے کے علاوہ ہوامیں نمی کا تناسب بھی گذشتہ روزکے مقابلے میں 10فیصد اضافے سے40 فیصد ریکارڈ ہوا، دیہی سندھ کے مٹھی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کے مطابق آئندہ چند روزکے دوران دن کے وقت تیزدھوپ رہنے کا امکان ہے جبکہ آج اورکل شہر کی فضاؤں پرہلکی دھند چھانے کے سبب حدنگاہ متاثرہوسکتی ہے۔
شہرمیں کئی روزکے دوران سمندر کی جنوب مغربی اورمغربی سمت کی ہوائیں چلنے کا امکان ہے ،صوبے کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور رات میں خنک رہنے کا امکان ہے۔