بھارتی ٹی وی اداکارہ مسکان نینسی جیمز نے اپنی نند اور بالی وڈ اداکارہ ہنسیکا موٹوانی اور ان کے خاندان پر گھریلو تشدد اور دھوکہ دہی کے الزامات عائد کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔
ہنسیکا کے بھائی پرشانت موٹوانی کی سابقہ اہلیہ مسکان نے اپنے سابق شوہر، نند ہنسیکا اور ساس موناموٹوانی پر گھریلو تشدد اور دھوکہ دہی کے الزامات لگائے ہیں۔ مسکان اور پرشانت 2022 میں علیحدگی اختیار کر چکے ہیں۔
مسکان نے دسمبر 2024 میں امبولی پولیس اسٹیشن، ممبئی میں ایف آئی آر درج کرائی، جس میں بھارتی قانون کے سیکشن 498اے، 323، 504، 506 اور 34 کے تحت شکایت درج کی گئی ہے۔
مسکان نے الزام لگایا کہ ہنسیکا اور ان کی والدہ نے ان کے ازدواجی تعلقات میں مداخلت کی اور ان کے شوہر کے ساتھ ان کے رشتے کو خراب کیا۔
پاکستان سمیت عالمی سیاسی خواتین کی نازیبا ویڈیوز، ڈیپ فیک کا خطرہ بڑھ گیا
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پرشانت کی جانب سے کیے جانے والے جسمانی تشدد کی وجہ سے انہیں بیلز پالسی (چہرے کے ایک طرف فالج یا کمزوری) کا سامنا کرنا پڑا۔
شکایت میں مزید کہا گیا کہ ان کے سسرال والے قیمتی تحائف اور رقم کا مطالبہ کرتے تھے اور جائیداد کے معاملے میں دھوکہ دہی میں ملوث تھے۔
مسکان نے ایک بھارتی اخبار کو بتایا، “میں نے اب قانونی مدد حاصل کر لی ہے، اور اس وقت مزید تبصرہ کرنے سے قاصر ہوں۔”
ہنسیکا موٹوانی اور ان کے خاندان نے ابھی تک ان الزامات پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔واضح رہے کہ مسکان اور پرشانت 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے تاہم دو سال بعد علیحدگی اختیار کر لی۔ مسکان نے نومبر 2022 میں ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بیلز پالسی کی بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا تھا۔