کراچی: کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جنید نقی نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے سوئی سدرن گیس کمپنی کے لیے گیس ٹیرف میں اضافے کی سفارش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام صنعت اور عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں بنتا اور یہ صنعت و عوام دونوں پر غیر منصفانہ بوجھ ڈالے گا۔
جنید نقی نے مزید کہا کہ اوگرا کو گیس ٹیرف میں کمی کی سفارش کرنی چاہیے تھی کیونکہ حالیہ عرصے میں یو ایف جی نقصانات میں کمی اور شرح سود میں کمی جیسے عوامل موجود ہیں، جنہیں گیس کے نرخ طے کرتے وقت مدنظر نہیں رکھا گیا۔ گیس ٹیرف میں اضافہ صنعتوں کو عالمی منڈی میں غیر مسابقتی بنا دے گا اور برآمدات پر منفی اثرات ڈالے گا۔
کراچی میں گیس کا بحران، غیر اعلانیہ بندش اور کم پریشر کا سامنا
صدر کاٹی نے حکومت کو یاد دلایا کہ برآمدی صنعتوں کو سہولت فراہم کرنے کے وعدے کیے گئے تھے، مگر اوگرا کی تجاویز ان وعدوں سے متصادم ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ اوگرا کو اپنی سفارشات واپس لینے کا حکم دیں اور عوام دوست پالیسیوں کو فروغ دیں۔
جنید نقی نے کہا کہ گیس چوری کی روک تھام اور نظام کی بہتری کے بغیر قیمتوں میں اضافہ صارفین پر بوجھ ڈالنے کے مترادف ہوگا۔
صدر کاٹی نے حکومت پر زور دیا کہ وہ صنعتوں کو غیر یقینی حالات سے بچانے اور معیشت کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کرے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ خاص طور پر گیس سے چلنے والے کیپٹیو پاور پلانٹس کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری ضائع ہوگی اور کاروباری برادری میں بے یقینی بڑھے گی۔
انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے پرزور اپیل کی کہ وہ گیس ٹیرف میں اضافے کی تجویز کو فوری طور پر مسترد کریں اور عوام اور صنعت کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیں۔