وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ آج پی ٹی آئی احتجاج کے بعد سیاسی بے چینی اور دیگر قومی مسائل پر غور کرے گی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج شام کے لیے طلب کیا ہے۔ یہ اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ انتشار کے بعد وزراء کا پہلا اجلاس ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور کارکن دعویٰ کر رہے ہیں کہ گزشتہ رات ڈی چوک اسلام آباد میں نیم فوجی فورسز کے کریک ڈاؤن کے دوران 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔
کارکنوں کی ہلاکتوں پر شیر افضل مروت برہم، حکومت کو بڑی دھمکی دیدی
ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے تاہم پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دعویٰ کیا کہ 100 سے زائد کارکن شہید ہوئے اور بہت سے ابھی تک لاپتہ ہیں۔
سوشل میڈیا پر اسی نوعیت کے الزامات گردش کر رہے ہیں، لیکن اس وقت تک کسی بھی میڈیا چینل یا آزاد ذریعہ نے ان ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جاسکتے ہیں جس کے بعد پی ٹی آئی کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔