قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر فخر زمان قومی ٹیم میں شامل نہ ہونے پر دلبرداشتہ ہوگئے، نجی ٹی وی کا قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ فخر زمان انتہائی قدم اٹھانے پر غور کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کا اپنی رپورٹ میں دعویٰ ہے کہ فخر زمان قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر کی حیثیت سے اپنی ریٹائرمنٹ پر غور کر رہے ہیں۔ ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ جارح مزاج بیٹر کو جنوری میں فٹنس ٹیسٹ دوبارہ دینے کا کہہ دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک جانب تو عثمان خان 2 کلومیٹر دوڑ کے تیسرے ہی راؤنڈ میں رک گئے، تاہم معاہدہ بھی ملا اور اسکواڈ کا حصہ بھی بنالیا گیا۔ دوسری جانب فخر زمان فٹنس ٹیسٹ کیلئے مدعو کیے جانے پر 8 منٹ میں 2 کلومیٹر کی دوڑ مکمل نہیں کر پائے کیونکہ ان کے گھٹنے میں مسئلہ ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کی فہرست جاری کی گئی جس میں سے فخر زمان کو ڈراپ کردیا گیا۔ گزشتہ برس فخر زمان بی کیٹگری میں شامل تھے، تاہم آسٹریلیا اور زمبابوے کے دوروں میں فخر زمان کا نام موجود نہیں۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے حالیہ بیان میں فخر زمان کی جانب سے بابر اعظم کے حق میں ٹویٹ پر ناراضی کا اظہار کیا تھا، نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ فخر زمان اپنی ریٹائرمنٹ پر غور کر رہے ہیں تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ سامنے نہیں آسکا۔ قریبی دوستوں نے صبر وتحمل اور جذباتی ہو کر قدم نہ اٹھانے کا مشورہ دے دیا۔