پشاور: وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ انقلاب کے علاوہ کوئی حل نہیں، تم ایک گولی چلاؤ، ہم 10 گولیاں چلائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک ویڈیو بیان میں وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اگر کوئی گولی برسائے گا تو اس پر گولی برسائیں گے۔ ملک میں پہلے ہماری عزت، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، لیکن ملک کیلئے ہم نے اف تک نہ کی۔
ویڈیو بیان میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اب ہم پر گولیاں بھی برسائی جارہی ہیں۔ ہمارے 2 کارکنان پر فائرنگ کی گئی۔ تیسرے کارکن کو گولی ماری گئی جس کا پتہ نہیں چل رہا۔ سیدھے شیل مار کر 50 سے زائد پی ٹی آئی کارکنان کو زخمی کیا گیا۔
بیان میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پنجاب کی حدود میں ہر 3 کلومیٹر کے فاصلے پر ہم پر شیل اور گولیاں برسانے کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ آج پورا پاکستان ہمارا ہے۔ ملک کو مبارکباد دیتے ہیں کہ آج کئی پولیس اہلکار ہمارے ہتھے چڑھ گئے لیکن میں نے ان کو ریسکیو کرلیا۔
وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ پنجاب پولیس کے نوجوان اگر اپنے باپ کی اولاد ہیں تو بیان دیں کہ ہم نے ان کو چھورا تھا۔ تم ایک گولی چلاؤ، ہم 10 چلائیں گے۔ تم ایک شیل اور لاٹھی مارو، ہم 10 ماریں گے۔ اگر تم کہتے ہو کہ یہ سب ہمارا ہے اور وہ ہمیں ماریں گے تو مرنے کیلئے تیار ہوجائیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ یہ میرا واضح پیغام ہے جو دھمکی نہیں اور یہ اصلاح کیلئے آخری وارننگ ہے۔ ادارے اگر قوم کی آواز نہیں بن سکتے اور عوامی رائے کا احترام نہیں کرسکتے تو ایک جانب ہوجائیں۔ عوام کے فیصلے عوام کو کرنے دیں۔