سوات دھماکہ اپنے ساتھ مختلف سوالات چھوڑ گیا، وزارتِ خارجہ کو غیر ملکی سفارت کاروں کے دورے کی اطلاع نہ دئیے جانے کا انکشاف سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان تمام سفارت کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کا ضامن ہے۔ غیر ملکی سفارت کاروں کو پاکستان بھر میں سفر کی دعوت دی جاتی ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت کو دورے سے آگاہ کیا گیا تھا۔
بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ سوات دھماکے کی تفتیش جاری ہے، مالم جبہ واقعے میں غفلت برتنے پر سخت ایکشن لیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے وزارتِ خارجہ کو اطلاع نہ دینے کا سخت نوٹس لیا گیا۔ ہمارے پاس اس کا دستاویزی ثبوت بھی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو خط لکھا گیا، کچھ سفیروں نے انفرادی اطلاع بھی دی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے غیر ملکی سفیروں کے دورے سے آگاہ نہیں کیا۔ چیمبر آف کامرس اسلام آباد کے خلاف کارروائی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ غیر ملکی سفارت کاروں کو متعدد مواقع پر گائیڈ لائنز کی پیروی کا کہا جاتا ہے۔ پاکستان کسی بھی غیر ملکی سفارت کار کو سکیورٹی کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔ پاکستان کو افغانستان کی طرح وہاں امن و سلامتی کے حوالے سے تشویش ہے۔