فیصل آباد میں ایک اور افسوسناک واقعہ میں نوجوان کو کرکٹ بیٹ کی چوری کے الزام میں اغوا کر کے تشدد کر کے قتل کر دیا گیا۔
فیصل آباد پولیس نے 21 سالہ اسامہ کے بہیمانہ قتل کے سلسلے میں تفتیش شروع کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ۔
پولیس رپورٹس کے مطابق گلبرگ کالونی کے رہائشی اسامہ کو جمعرات کو مشتبہ افراد کے ایک گروپ نے اغوا کر لیا۔ اسے قید میں رکھا گیا اور لوہے کی سلاخوں، لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے تین گھنٹے تک شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے اس کی حالت تشویشناک ہوگئی۔
ملزمان نے اسامہ کے والد سے رابطہ کیا اور اس کی رہائی کے بدلے چوری شدہ کرکٹ بیٹ واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔ جب اس کے والد پہنچے تو انہوں نے اسامہ کو شدید زخمی پایا اور اسے ہسپتال پہنچایا، جہاں وہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
اسامہ کی والدہ کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کے بعد پولیس نے تین شناخت شدہ اور آٹھ نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ملزمان میں سے شاہان نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ والدین کے اکلوتے بیٹے اسامہ نے اپنے پیچھے تین بہنیں چھوڑی ہیں۔