کراچی: موسلا دھار بارش کے نتیجے میں حب ڈیم بھر گیا جبکہ کینجھر جھیل کی سطح بھی بلند ہوگئی۔ سندھ میں گزشتہ کچھ روز سے جاری بارش کے باعث سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں حب ڈیم تقریباً بھر چکا ہے جبکہ کینجھر جھیل میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا۔ ایکسین ایریگیشن حب ڈیم نے کہا کہ ڈیم میں 6 لاکھ 35 ہزار ایکڑ فٹ ذخیرہ آب ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایکسین ایریگیشن حب ڈیم نے کہا کہ حب ڈیم میں پانی کی سطح 339 فٹ تک جا پہنچی۔ حب ندی کے کنارے آباد لوگوں سے رہائش گاہیں خالی کروالی گئیں جبکہ ڈیم کے اسپیل وے سے ابھی پانی کے اخراج کا عمل شروع نہیں ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حب ڈیم میں حب اور کراچی کے شہریوں کیلئے ڈھائی سال تک کا پانی ذخیرہ ہوگیا ہے جبکہ ٹھٹھہ کی کینجھر جھیل میں بھی پانی کی سطح 49 فٹ تک بلند ہوگئی۔ محکمہ آب پاشی کا کہنا ہے کہ جھیل 55فٹ تک پانی کا بوجھ سہہ سکتی ہے۔
خیال رہے کہ کراچی کو کینجھر جھیل سے 1200 کیوسک پانی یومیہ فراہم کیا جاتا ہے۔ کراچی کے شہری کینجھر جھیل میں پانی کی سطح بلند ہونے کے فوائد سے تاحال محروم ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی گزشتہ کئی روز سے معطل ہے۔