ایمیزون پرائم ویڈیو نے 30 اگست کو ’مرزا پور‘ سیزن 3 کا بونس ایپی سوڈ جاری کیا ہے۔ اس خصوصی ایپی سوڈ میں سیزن سے حذف کیے گئے مناظر پیش کیے گئے ہیں، جن میں منا بھیا کی واپسی بھی شامل ہے۔
بونس کا مجموعی مواد اور پیشکش اس قدر دلکش ہے کہ یوں سمجھیں پورے سیزن میں اس نے جان ڈال دی ہے۔ آئیے اس بونس قسط کی منفرد خصوصیات پر بات کرتے ہیں۔
منا بھیا کا منفرد ٹچ:
بونس ایپی سوڈ کے ٹیزر میں دیویندو نے اپنے مشہور کردار مُنا بھیا کے روپ میں مداحوں کو مخاطب کیا۔ منا بھیا کا کہنا تھا کہ ہم کیا گئے کہ پورا ایک گھڑمس مچ گیا، سنا ہے کہ آپ سبھی نے ہمیں بہت مس کیا، سچ کہیں تو مس تو ہم نے بھی بہت کیا آپ لوگوں کو۔
ان کا کہنا تھا کہ سیزن 3 میں آپ لوگوں نے جو کچھ مس کیا وہ وہ ہم بونس قسط میں تلاش کرکے لے آئے ہیں۔
سیزن 3 کی عکاسی:
مرزا پور سیزن 1 اور 2 نے بھی نمایاں کامیابی اور مقبولیت حاصل کی تھی، مگر اس سب کے ساتھ سیزن 3 نے تو بھئی رنگ ہی بدل دیا۔ اس میں ناظرین کیلئے کافی کچھ مختلف تھا۔ سیزن کا اختتام گڈو پنڈت (علی فضل) کے جیل سے فرار ہونے اور گولو گپتا (شویتا ترپاٹھی شرما) کے ساتھ دوبارہ ملاپ کے ساتھ ہوا۔ بونس ایپی سوڈ میں اس کے علاوہ بھی بہت کچھ کمال کا ہے۔
سیریز کا پس منظر:
مرزا پور ایک ایکشن کرائم سیریز ہے جو ایمیزون پرائم پر دستیاب ہے۔ پہلے سیزن کا پریمیئر 2018 میں ہوا، اس کے بعد 2020 میں سیزن 2 آیا۔ چار سال کے وقفے کے بعد سیزن 3 کو 2024 میں ریلیز کیا گیا۔ فرحان اختر کی ایکسل انٹرٹینمنٹ کی طرف سے پروڈیوس کردہ یہ سیریز مرزا پور اتر پردیش کے پس منظر میں ہے اور جرائم کی کہانی اور شہر کے بدنام زمانہ کرائم باس کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔
مرزا پور سیزن 3 اپنے پہلے دو سیزن کی کامیابی کے بعد پرائم ویڈیو انڈیا پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز میں سے ایک بن گیا ہے۔