وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق بیوروکریٹ اور سینئر تجزیہ کار اوریا مقبول جان کو لاہور سے گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اوریا مقبول جان کو لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 6 میں واقع ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لے لیا۔ اوریا مقبول جان کا شمار ملک کے نامور کالم نگاروں میں کیاجاتا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اوریا مقبول جان کو آج جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ سابق بیوروکریٹ پر الزام ہے کہ انہوں نے مذہبی منافرت پھیلائی اور قومی اداروں کی تضحیک کی ہے۔
خیال رہے کہ اوریا مقبول جان کو پہلی بار گرفتار نہیں کیا جارہا۔ اس سے قبل گزشتہ سال 13 مئی 2023 کو بھی لاہور پولیس نے اوریا مقبول جان کی رہائش گاہ پر ہی چھاپہ مار کر انہیں حراست میں لے لیا تھا۔
اوریا مقبول جان کون ہیں؟
معروف ڈرامہ نگار اوریا مقبول جان نہ صرف ملک کے مقبول و معروف کالم نگار اور ڈرامہ نویس ہیں بلکہ ایک منجھے ہوئے شاعر، افسانہ نگار اور دانشور بھی ہیں۔ اوریا مقبول جان کے کالمز باقاعدگی سے ملک کے مشہورومعروف اخبارات میں شائع ہوتے رہتے ہیں۔
اپنی شاعری اور منفرد اندازِ بیان کے باعث اوریا مقبول جان کو کئی ادبی اعزازات سے نوازا گیا۔ 2001 سے لے کر 2004 تک ملک کے بہترین کالم نگار کا اعزاز حاصل ہوا۔ بطور بیوروکریٹ اوریا مقبول جان کی ملک کیلئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہا ہے۔