غزہ پر امریکی حمایت سے جاری اسرائیلی وحشیانہ حملوں کے خلاف احتجاج کرنے والے معروف امریکی رائٹر، صحافی، سول اینڈ ہیومن رائٹس ایکٹوسٹ اور سماجی کارکن شان کنگ بھی اسلام کی آغوش میں آگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شان کنگ نے رمضان المبارک کے آغاز پر اپنی اہلیہ کے ساتھ اسلام قبول کیا۔ شان کنگ صحافی بھی رہ چکے ہیں اور متعدد عالمی اداروں میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
موقر معاصر ایکسپریس کے مطابق شان کنگ گزشتہ سال 7 اکتوبر کو اسرائیل کے فلسطین پرحملے کے بعد سے مسلسل فلسطینوں کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں اور امریکا میں اسرائیل کے نہتے فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف احتجاج کا حصہ ہوتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شان کنگ امریکا میں سیاہ فام کمیونٹی کے لیے چلائی جانے والی معروف مہم ”بلیک لائیوز میٹر” (سیاہ فاموں کی زندگیاں بھی معنی رکھتی ہیں) کا بھی حصہ رہے ہیں۔ شان کنگ پادری رہ چکے ہیں اور انہوں نے اپنا ایک چرچ بھی قائم کیا تھا۔