کراچی میں محکمۂ موسمیات کی آج بارش کی پیشگوئی کے پیشِ نظر سندھ حکومت نے رین ایمرجنسی کا نفاذ عمل میں لاتے ہوئے ہاف ڈے اور تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج دوپہر سے بارش چار اسپیلز میں ہوگی۔سندھ حکومت نے سرکاری و نجی اداروں میں ہاف ڈے کا اعلان کردیا ہے جس کا نفاذ دوپہر 2بجے سے ہوگا۔
صوبائی حکومت کے اعلان کے مطابق کراچی میں شام کی شفٹ کے نجی و سرکاری اسکولوں میں تعطیل ہوگی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اداروں کو ہائی الرٹ کردیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام بلدیاتی اداروں، ہسپتالوں اور انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔ بارش کے دوران شہریوں کو مشکلات سے بچانے کیلئے شہری انتظامیہ حرکت میں آگئی۔
گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عوام سے غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حفاظت کے پیشِ نظر ہاف ڈے کا نفاذ عمل میں لایا جارہا ہے۔
بارش کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے کنٹونمنٹ ہیڈ کوارٹرز میں ایمرجنسی سیل قائم کردیا گیا۔ کے ایم سی کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے مشینری پہنچا دی گئی ہے۔ نالے اور چوکنگ پوائنٹس کھول دئیے گئے۔