پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے سری لنکا نے آج سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز اپنی پہلی اننگز 308 کے مجموعی اسکور پر ڈکلیر کردی ہے۔
مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے جبکہ سری لنکا کا آخری کھلاڑی 256 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوا تھا۔ مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ 96، دوسری 109 جبکہ تیسری 120 کے مجموعی اسکور پر گری۔
سری لنکا کی چوتھی وکٹ 127 کے اسکور پر، پانچویں 189 کے اسکور پر گری جبکہ 256 کے مجموعی اسکور پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوجانے کے بعد مہمان ٹیم نے کھیل جاری رکھتے ہوئے 308 رنز کا اسکور کیا، جس کے بعد اننگز ڈکلیر کی گئی۔
میچ کے پانچوں روز بارش کے باعث کھیل شدید مشکلات کا شکار رہا۔ میچ کے چوتھے روز کوئی اسکور نہ بنایا جاسکا، نہ کھلاڑیوں نے گیند پھینکی نہ اس پر کوئی چوکا یا چھکا لگایا گیا۔ خراب موسم کے باعث کھلاڑی گراؤنڈ میں کھیل پیش نہ کرسکے۔
کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق ایک طرف پاکستانی ٹیم کے میچ جیتنے کی کوئی صورت نظر نہیں آتی تو دوسری طرف سری لنکا کو یہ میچ جیتنے کے لیے آج ہی پاکستانی ٹیم کو 308رنز سے قبل آؤٹ کرنا ہوگا، جو اتنی آسان بات بھی نہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق آج سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے زیادہ امکانات ہیں۔ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات کی طرف سے کرکٹ میچ میں شرکت کا امکان ضرور ہے، تاہم میچ میں کسی معجزے کا امکان نہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ حکام صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے کرکٹ اسٹیڈیم دورے کی نوید سنا رہے ہیں، جبکہ کراچی کا موسم آج بھی کرکٹ کے حق میں سازگار نظر نہیں آتا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل بھی بارش کی نذر ہوگیا اور کھیل ایک گیند بھی کرائے بغیر ختم کردیا گیا۔
گزشتہ روز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ سے ملک میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ تو بحال ہوگئی تاہم بارش اور خراب موسم کی وجہ سے مہمان ٹیم کی پہلی اننگز ہی مکمل نہ ہوسکی۔
مزید پڑھیں: پاکستان سری لنکا ٹیسٹ میچ کا چوتھاروزبھی بارش کی نذر