مودی حکومت نے امریکا میں گزشتہ 30 روز کے دوران 6 بھارتی شہریوں کے قتل کے بعد امریکا سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 41سالہ وویک تنیجا کو واشنگٹن اسٹریٹ میں ایک شخص نے زمین پر پٹخ کر مقتول کا سر فٹ پاتھ پر دے مارا، جس سے بھارتی نژاد وویک شدید زخمی ہوگیا جس کے بعد زخمی بھارتی شہری کو علاج کیلئے ہسپتال لے جایا گیا۔
سڑک پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں زخمی بھارتی شہری وویک تنیجا جانبر نہ ہوسکا اور دورانِ علاج چل بسا۔ واشنگٹن پولیس نے ملزم کی سی سی تی وی تصویر شیئر کی اور امریکی شہریوں سے گرفتاری میں مدد کرنے کی اپیل کی۔

واشنگٹن پولیس نے اعلان کیا کہ امریکی حکومت گرفتاری میں مدد کرنے والے کو 25 ہزار ڈالر انعام دے گی۔ حکام نے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی ہے جبکہ گزشتہ 30 روز کے دوران قتل ہونے والا وویک تنیجا چھٹا بھارتی شہری تھا۔
قبل ازیں 5 بھارتی طلبہ کو مختلف مقامات اور دنوں میں پراسرار طور پر قتل کیا گیا جو الگ الگ جگہوں پر مردہ پائے گئے۔ بھارت کی نریندر مودی حکومت نے شہریوں کے قتل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جوبائیڈن حکومت سے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
مودی حکومت اور امریکی وزارتِ خارجہ رابطے میں ہیں۔ بھارتی حکومت نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ قتل ہونے والے تمام بھارتی شہریوں کے قاتلوں کا پتہ چلا کر قرار واقعی سزا دی جائے، تاہم ملزمان کی تلاش تاحال جاری ہے۔