کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔
بھارت کی جانب سے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کو 76 سال مکمل ہونے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔
پاکستان میں کشمیر سے یکجہتی کا دن 5 فروری کو 1991 سے ہر سال منایا جاتا ہے تاہم بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور لاک ڈاؤن کے نفاذ کے باعث اس دن کی اہمیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
اس دن کی مناسبت سے پاکستان کے طول و عرض میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی طرف سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جلسے، جلوس اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔
ملک بھر میں عام تعطیل ہے جبکہ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے زیر اہتمام خصوصی سیمینارز، کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں تمام مکاتب فکر کی شخصیات بڑی تعداد میں شرکت کریں گی۔