قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی اگر بات کی جائے تو سال2023ان کے لئے سخت ثابت ہوا، ٹیسٹ کرکٹ میں سابق کپتان کی کارکردگی انتہائی خراب رہی، جس کے باعث ان کے مداح بھی مایوس ہوئے۔
بابر اعظم ٹیسٹ میچز میں نو اننگز کھیلنے کے باوجود رواں برس 2023 کے دوران کوئی نصف سنچری بھی نہ بنا سکے۔ یہ اپنے ڈیبیو کے بعد پہلی مثال ہے کہ وہ ایک کیلنڈر سال میں یہ سنگ میل حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
انہوں نے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم کو مشکل سے باہر نکالنے کی بہت کوشش کی، مگر قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور آسٹریلین بولر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر 41رنز بنا کرآؤٹ ہوگئے۔
پہلی اننگز کی اگر بات کی جائے تو اس میں بھی صورتحال مختلف نہ تھی، جہاں بابر اعظم پیٹ کمنز کے ہاتھوں صرف ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے تھے۔ سابق پاکستانی کپتان نے 9 اننگز میں 22.66 کی اوسط سے 204 رنز کے ساتھ سال کا اختتام کیا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے میلبرن میں کھیلے گئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں پاکستان کو 79 رنز کے ساتھ شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔
میلبرن ٹیسٹ میں پاکستان کو 79رنز سے شکست، آسٹریلیا سیریز جیت گیا
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے میلبرن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نے چوتھے روز قومی ٹیم کی بساط 237 رنز پر لپیٹتے ہوئے نہ صرف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں 79 رنز سے فتح اپنے نام کی بلکہ سیریز میں بھی دو صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔