قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے 372 ارب روپے کے 9 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔
نگراں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت نیشنل اکنامک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں 372 ارب روپے مالیت کے 9 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
2023 کے دوران پاکستانیوں نے کیا کچھ تلاش کیا، گوگل نے آئینہ سامنے رکھ دیا
اعلامیے کے مطابق پورٹ قاسم تک تھرکول ریلوے منصوبے کی منظوری دی گئی ہے، پورٹ قاسم سے تھر کول تک 53 ارب 72 کروڑ کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں فوڈ سیکورٹی کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے، خیبرپختونخوا میں فوڈ سیکورٹی منصوبے کی 25 ارب مالیت منظور کی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ سندھ میں سیلاب سے تباہ اسکولوں کی بحالی کے لیے 86 ارب اور خیبر پختونخوا میں پناہ گزینوں کے بچوں کی تعلیم کے لیے 32 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی ہے، پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت 16 ارب روپے اور خیبر پختونخوا میں 24 ارب روپے کا ہیومن کیپیٹل انوسٹمنٹ پروجیکٹ کی منظوری دی گئی ہے۔
اجلاس میں خواتین کو روزگار اسکیم کے لیے 31 ارب کا پراجیکٹ منظور کیا گیا ہے، خواتین کو روزگار اسکیم کے تحت چھوٹے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
ایکنک نے اس کے علاوہ 27 ارب روپے کے پشاور ناردرن بائی پاس پروجیکٹ کی بھی منظوری دے دی ہے۔
اجلاس میں گریٹر تھل کینال کے لیے 38 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری مؤخرکردی گئی جبکہ سکھربیراج اورگڈو بیراج کی اپ گریڈیشن کے لیے 74 ارب روپے کا منصوبہ منظورکرلیا گیا۔