امریکی حکام نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو امریکا میں قید ان کی بہن عافیہ صدیقی سے ملاقات سے روک دیا۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے بہن سے ملاقات کےلیے امریکی حکام سے باضابطہ اجازت لے رکھی تھی تاہم جیل حکام نے عین ملاقات کے وقت نامعلوم وجوہات کی بناء پر ملاقات کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
ملاقات کے لیے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے ہمراہ جانے والے سینیٹر طلحہ محمود نے ملاقات کی اجازت نہ دینے کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے معاملے کو امریکی حکومت کے ساتھ اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سینیٹر طلحہ محمود کے ساتھ بہن سے ملاقات کے لیے امریکا گئی ہیں۔ سینیٹر طلحہ محمود نے قبل ازیں ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے اکیلے دو گھنٹے طویل ملاقات کی تھی۔
انہوں نے اس ملاقات سے متعلق بتایا کہ ذہنی طور پر عافیہ صدیقی دباؤ میں نظر آئیں۔ عافیہ صدیقی نے ایک ہی پیغام دیا ہے کہ انہیں جلد آزاد کیا جائے۔