مریضوں کا مفت علاج کرنے والے ڈاکٹروں کے ایک گروپ کے زیر اہتمام کیمپ میں 1000 سے زائد مریضوں نے تقریباً 300 ڈاکٹروں سے مفت طبی امداد حاصل کی۔پاکستانی ڈاکٹرز نے سعودی عرب میں تاریخ رقم کردی۔
تفصیلات کے مطابق فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام سعودی عرب میں پاکستانی ڈاکٹروں پر مشتمل ایک غیر سیاسی تنظیم پاکستان ڈاکٹرز گروپ (پی ڈی جی) نے کیا تھا۔ یہ گروپ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پیشہ ورانہ اور سماجی تعلقات کو فروغ دینے اور مضبوط کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
گروپ کی جانب سے سوشل میڈیا پر بتایا گیا ہے کہ ایک روزہ طبی کیمپ کا اہتمام 17 نومبر بروز جمعہ دوپہر 1:00 بجے سے کیا گیا تھا۔ شام 7:00 بجے تک سعودی عرب میں پاکستانی مشن کے تعاون سے ریاض میں پاکستانی سفارت خانے میں طبی کیمپ منعقد ہوا۔ اس اقدام میں میڈیکل کنسلٹنٹس اور ماہرین، ریڈیولوجسٹ، لیب کا عملہ اور دماغی صحت کے ماہرین شامل تھے۔
رواں برس کی تقریب ذہنی تندرستی پر مرکوز تھی۔ ذہنی صحت کی حفاظت کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو اپنے دوستوں اور خاندانوں سے ہزاروں میل دور دوسرے ملک میں رہتے ہیں۔
ڈاکٹر اسد اللہ رومی نے کہا کہ مفت چیک اپ، ادویات، الٹراساؤنڈ، ای سی جی، ایکس رے اور دیگر مختلف طبی ٹیسٹوں سمیت طبی سہولیات ان لوگوں کو فراہم کی گئیں جو ان سہولیات کیلئے اخراجات ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے تھے۔ پاکستانی سیفرنے بھی میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔
سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے پاکستانی ڈاکٹروں کی خدمات کو سراہا۔ڈاکٹر اسد اللہ رومی کا کہنا ہے کہ 2010 سے پی ڈی جی ہر 6 ماہ بعد مفت میڈیکل کیمپس منعقد کررہا ہے۔ خصوصی کیمپس کے ساتھ ساتھ ریاض میں پاکستانی سفارت خانہ واحد مشن ہے جہاں پی ڈی جی کے پاس ہفتے میں 5 دن، مفت کلینک کی سہولت دستیاب ہے جہاں سال بھر ہم وطنوں کو خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
برٹش پاکستانی سائیکاٹرسٹ ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر شاہد لطیف دماغی تندرستی پر لیکچر دینے کے لیے برطانیہ سے کیمپ پہنچے۔ڈاکٹر شاہد لطیف نے کہا کہ ہماری بنیادی توجہ شعور اجاگر کرنے، تعلیم دینے اور بیداری پیدا کرنے پر ہے جس کا مقصد ذہنی صحت کے مسائل سے متعلق لغو نظریات کا انسداد ہے۔