جنیوا: اقوامِ متحدہ کے ادارے سلامتی کونسل نے غزہ کی بدستور کشیدہ صورتحال اور تباہ کن جنگ پر جمعرات کے روز اجلاس طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ادارے سلامتی کونسل کا اجلاس جمعرات کو ہوگا جس میں اسرائیل حماس جنگ اور غزہ کی کشیدہ صورتحال پر گفتگو ہوگی۔ سلامتی کونسل کے صدر نے رکن ممالک کو خط لکھ دیا۔
اسرائیل کے حملے جاری، فلسطینیوں کی شہادتوں کی تعداد 5ہزار سے تجاوز کرگئی
تاحال سلامتی کونسل میں حماس اسرائیل جنگ پر کسی بھی ایک مؤقف پر اتفاقِ رائے نہیں ہوسکا، نہ ہی عالمی برادری جنگ بندی پر لائی جانے والی کسی بھی قرارداد کو منظور کر سکی ہے، امریکا اور اسرائیل ایک جانب تو اسلامی ممالک، چین اور روس دوسری جانب ہیں۔
قبل ازیں روز نے انسانی بنیادوں پر اسرائیل حماس جنگ روکنے کی قرارداد پیش کی جس کے متن پر 15 میں سے 5رکن ممالک نے حمایت کی جبکہ امریکا، برطانیہ اور فرانس حماس کی مذمت پر زور دیتے ہوئے مخالف نظر آئے۔
امریکا نے برازیل کی جانب سے پیش کردہ قرارداد بھی ویٹو کردی جس میں امریکی نمائندے کے بقول یہ نہیں کہا گیا کہ حماس کے حملوں کے جواب میں اسرائیل کو بھی اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ گزشتہ ہفتے ہونے والے اجلاس کو کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ہی ختم کردیا گیا۔