اسلام آباد: توہینِ عدالت کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پولیس کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست مسترد کیے جانے کا فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی ہے۔
پرویز الٰہی کو پیش نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
انٹرا کورٹ اپیل میں چوہدری پرویز الٰہی نے عدالتِ عالیہ اسلام آباد سے استدعا کی کہ 7ستمبر کے سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، عدالت کو فریقین کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کا آغاز کرنا ہوگا۔
درخواست گزار چوہدری پرویز الٰہی نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت توہینِ عدالت کے جرم میں ملوث افراد کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا حکم دے، درخواست گزار کو عدالت میں پیش کرنے کے علاوہ رہائی بھی دی جائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ کرنے پر عدالت نے آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
پرویز الٰہی کی بازیابی کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں متفرق درخواست سابق وزیراعلیٰ کے وکیل طاہر نصر اللہ وڑائچ نے دائر کی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ پرویز الٰہی کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے گزشتہ روز رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔