بینک آف اسرائیل نے 30 ارب ڈالر غیر ملکی کرنسی اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے کا اعلان کردیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان لڑائی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے نتیجے میں بینک آف اسرائیل نےپہلی بار 30 بلین ڈالرغیرملکی کرنسی اوپن مارکیٹ میں بیچنے کا اعلان کیا ہے۔
بینک آف اسرائیل کا کہنا ہے کہ صورتحال اور مارکیٹس کا جائزہ لیتے رہیں گے اور صورتحال کے مطابق تمام دستیاب طریقہ عمل کے ساتھ کام کریں گے۔
بینک آف اسرائیل نے کہا کہ سوئپ میکنیزم کے ذریعے مارکیٹ میں 15 بلین ڈالر تک لیکویڈٹی فراہم کریں گے۔
اسرائیل فلسطین جنگ کے اثرات، خام تیل کی قیمت میں 5 فیصد اضافہ ہوگیا
خبر ایجنسی کے مطابق بینک آف اسرائیل کے اعلان سے قبل اسرائیلی کرنسی کی قدر ساڑھے 7 سال کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی جب کہ بینک آف اسرائیل کایہ اقدام حماس کےحملوں کے دوران کرنسی کی گرتی قدر سنبھالنے کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ ہفتہ 7 اکتوبر کی صبح غزہ سے اسرائیل پر 7000 راکٹ فائر کیے گئے جس کے بعد فلسطین اور اسرائیل میں جنگ چھڑ گئی۔
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے کیے گئے حملوں میں ایک افسر اور 50 صیہونی فوجیوں سمیت 700 سے زائد اسرائیلی ہلاک جب کہ 2200 سے زائد زخمی اور 100 سے زائد یرغمال بنالیے گئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اب تک اسرائیلی حملوں میں 78 خواتین اور 41 بچوں سمیت 413 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جب کہ 121 فلسطینی بچوں سمیت 2300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔