سابق وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم (پاکستان) کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی نے پاکستان کی بقا، ترقی اور خوشحالی کی ذمہ داری لی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بچو عبدالقادر دیوان کی قیادت میں پاک مسلم الائنس کی متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) میں شمولیت کے موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم آپ کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔
کراچی، پاک مسلم الائنس (دیوان) نے ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد کا اعلان کردیا
گفتگو کے دوران سابق وزیر خالد مقبول نے کہا کہ آج پاکستان اور دلوں کو جوڑنے کا دن ہے، ڈھاکہ میں مسلم لیگ بنی تھی جہاں پاکستان کی بنیاد رکھی گئی، پاکستان بندوق سے نہیں بلکہ ووٹ سے بنا۔ یہی ووٹ کی طاقت ہمیں بچائے گی۔ یہاں 1971 میں پاکستان چننے والے موجود ہیں۔
ایم کیو ایم کنوینر خالد مقبول نے کہا کہ آج بھی پاکستان کو چننے والے بنیادی سہولیات سے محرومی کا شکار ہیں۔ ہم بھی پاکستان ووٹ، اختیار اور ارادے کے ساتھ آئے۔ ہم کراچی کی روشنیاں بحال کرنے کیلئے اپنا مکمل کردار ادا کریں گے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان بنانے سے قبل جو قرارداد پیش کی گئی، وہ بھی شیر بنگال نے پیش کی۔ ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑا ہونا مشکل فیصلہ تھا، ہم بنگالی بھائیوں کے ساتھ آخر تک کھڑے رہیں گے۔ پاکستان دین کے نام پر بنا ہے، زبان کے نام پر نہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاک مسلم الائنس (دیوان) کے سربراہ بچو عبدالقادر دیوان نے اعلان کیا کہ پاک مسلم الائنس(دیوان) ایم کیو ایم (پاکستان) سے اتحاد کررہا ہے جس کا مقصد کراچی کو روشنیوں کا شہر بنانا ہے۔
پاک مسلم الائنس (دیوان) کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پاک مسلم الائنس (دیوان) بنگلہ زبان بولنے والے پاکستانی شہریوں کی نمائندہ جماعت ہےجن کی کراچی میں 100 سے زائد آبادیاں ہیں۔