اسلام آباد: عدالت نے سابق وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف درخواست کو مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر کی الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔
فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت خارج
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے فواد چوہدری کی الیکشن کمیشن کی جانب سے 2 فورمز پر کارروائی کو چیلنج کیے جانے کی درخواست کو مسترد کردیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عدالت نے پی ٹی آئی رہنما و سابق وزیرِ اطلاعات ونشریات فواد چوہدری اور نائب چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی۔
رواں ماہ کے آغاز میں فواد چوہدری کے خلاف ماڈل ٹاؤن میں ن لیگ کا آفس جلانے کے کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں ہوئی تاہم اس موقعے پر مدعا علیہ فواد چوہدری عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے عدم پیشی کے باعث فواد چوہدری کی عبوری ضمانت خارج کردی جبکہ شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت 9 مئی واقعے کے 6 مقدمات میں خارج کی گئی۔